ابنا: شیعہ علماء کونسل پنجاب نے ملک میں امن کے قیام کو قانون کے نفاذ سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہے قانون پر عمل درآمد کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا اور قانون کا مکمل نفاذ حکومت کی ذمہ داری ہے، جلوسوں پر پابندی کی بجائے حکومت شرپسندوں کا راستہ روکے، مجالس عزاء کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کی اجازت کی ضرورت نہیں، لاؤڈ اسپیکر پر پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، ملک بھر میں چہلم امام حسین (ع) روایتی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، راولپنڈی میں چہلم کا جلوس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا منزل پر پہنچے گا، 150 سال سے یہ جلوس جس روٹ سے نکالا جا رہا ہے اس کو کسی صورت تبدیل نہیں کیا جاسکتا، ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے، حکومت شرپسندوں کا سدباب کرے۔
ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی، حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ مہدی حسن و دیگر شیعہ علماء نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مظہر عباس علوی نے مطالبات پیش کیے کہ کسی بھی ضابطہ اخلاق کی بنیاد پر قانون سازی کی قطعاً ضرورت محسوس نہیں کرتے، اگر ایسی کوشش کی گئی تو شدت کے ساتھ اس کی مخالفت کریں گے، علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، سانحہ راولپنڈی کے مقدمہ میں گرفتار بے گناہوں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کو ضابطہ اخلاق کی حد تک تسلیم کرتے ہیں، دوسرے مسلک کو کافر کہنے والوں کے خلاف 295/A کے تحت مقدمات درج کئے جائیں، تاکہ کوئی دوسرے کو کافر کہنے کی جرات نہ کرسکے۔
.......
/169